خالد مقبول شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں: ناصر شاہ

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ خالد مقبول شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ خالد مقبول کی پریس کانفرنس سے واضح ہے کہ وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خالد مقبول کا ذہنی دباؤ قابلِ فہم ہے، علاج صرف وفاقی وزیر صحت کے پاس ہے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی خود ساختہ قیادت نہ کراچی کے عوام کی منتخب کردہ ہے، نہ ہی حقیقی نمائندہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ متحدہ کی قیادت صوبے کو نہیں، عوام، تجارت، امن اور خوشحالی کو یرغمال بنانے کی بات کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام ان کے چہرے اور ماضی کو خوب پہچانتے ہیں، شہریوں نے انہیں مسترد کیا ہے۔ سندھ تقسیم نہیں ہوگا، لیکن وہ متحدہ کو تقسیم ہوتا ہوا ضرور دیکھ رہے ہیں۔
Load/Hide Comments




