برف پگھلے گی، اپوزیشن سے بات آگے بڑھ سکتی ہے، طارق فضل چوہدری
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے بات آگے بڑھ سکتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن کے خط کا جواب دیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آج کی ملاقات سے برف پگھلے گی اور معاملہ آگے چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی کمپرومائز کیا نہ کیا جائے گا، انہیں پہلے سے بہتر طبّی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہمیں فکر ہے اور ہم ان کے لیے دعا گو ہیں، اُن کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے تفصیلی بات ہوئی میں سمجھتا ہوں بات آگے بڑھ سکتی ہے ،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے متواتر ملاقاتیں ہوتی ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کی اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت برقرار ہے، پی ٹی آئی قیادت بانی سے جو ملاقات چاہتی ہے اس پر بیٹھ کر بات کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تنگ کرنا یہ تکلیف دینا ن لیگ اور ہماری قیادت کی نیت نہیں، حکومت کے پاس نئے صوبوں سے متعلق ابھی کوئی تجویز نہیں۔




