پاکستان تحریکِ انصاف کا سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کو فوری شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا بھی حکم دیا ہے، بانئ پی ٹی آئی کے مکمل طبی معائنے کے لیے آنکھ، دل اور دیگر امراض کے ماہرین شامل ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی شمولیت یقینی بنائی جائے، ذاتی معالج اور اہلِ خانہ کی شمولیت سے طبی تاریخ کا غیر جانبدارانہ جائزہ ممکن ہو گا۔

پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر فوری اور بلا تاخیر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں بانئ پی ٹی آئی کی اہلِ خانہ سے ملاقات یقینی بنائی جائے، مشکل وقت میں قانونی اور انسانی حقوق کا مکمل پاس رکھا جائے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے اعلامیے کے مطابق بانئ پی ٹی آئی کے بنیادی حقِ صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کارکنان سے اپیل ہے کہ شفاء انٹرنیشنل اسپتال کے باہر مجمع نہ لگائیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت اور علاج کے مفاد میں اسپتال کے باہر پُرامن ماحول رکھا جائے، عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے میں تعاون کیا جائے، کروڑوں پاکستانی کئی ہفتوں سے بانی کی صحت پر تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ کے حکم سے بہترین طبی سہولتوں کے مطالبے کو تقویت ملی، توقع ہے کہ متعلقہ حکام عدالتی احکامات پر من و عن عمل کریں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانئ پی ٹی آئی کا تمام میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، بانئ پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی کے تحت اسپتال منتقل کیا جائے، اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتِ حال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

بانئ پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے عدالتِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ شفاء انٹرنیشل اسپتال ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دے، بانئ پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ذاتی معالج موجود ہوں گے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں