نواز شریف کے پلیٹلیٹس کا مذاق اڑاتے ہوئے بانیٔ پی ٹی آئی کو احساس نہیں تھا کہ بیماری ایک حقیقت ہے: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کہا ہے کہ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان سے متعلق تمام طبی تفصیلات عوام کے سامنے آ جائیں گی۔

 قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی ان سے ملاقات ہو چکی ہے، وہ بتا سکتی ہیں کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت کیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانئ پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ آہستہ آہستہ ٹھیک ہو چکا ہے، جبکہ بلڈ پریشر کی تھوڑی بہت شکایت ہے جس کے لیے انہیں دوا دی جا رہی ہے۔

وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے کو مسئلہ بنانا اور اسے سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔

خواجہ آصف نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب میں جیل میں تھا تو مجھے ہرنیا کے آپریشن کا بتایا گیا تھا، بانئ پی ٹی آئی نے اس وقت ویڈیو طلب کی تھی کہ واقعی آپریشن ہو رہا ہے یا نہیں، وہ ویڈیو آج بھی میرے پاس موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی رپورٹ آپ بھی دیکھ لیں ہم بھی دیکھ لیں گے، میں آپ کو حلفاً کہتا ہوں کہ بانئ پی ٹی آئی کو کوئی مسئلہ نہیں، سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی بھی 2 ماہ قبل 2 سرجریز ہو چکی ہیں، تاہم آج بھی ان کے پلیٹ لیٹس کا ذکر کیا جاتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں بانئ پی ٹی آئی کی جانب سے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کا مذاق اڑایا جاتا رہا، اس حوالے سے ان کی ایک نہیں بلکہ سیکڑوں ویڈیوز موجود ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے امریکا جا کر ہونے والے جلسوں میں بھی بیماری کا مذاق اڑایا، انہیں اس وقت احساس نہیں تھا کہ بیماری ایک حقیقت ہے۔

وزیرِ دفاع نے سیاسی قیادت کی گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری لیڈر شپ قید تھی ہم اس ہاؤس میں آتے تھے، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ مریم نواز، نواز شریف قید ہیں ہم یہ کر دیں گے وہ کر دیں گے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں