انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے: وزیرِ داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں ایف آئی اے زونل آفس کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وزیرِ داخلہ نے ایف آئی اے زونل آفس کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن ایف آئی اے کی ذمے داری ہے، اس کے نتائج واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔
اجلاس میں ملک بھر کے ایئر پورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز سے پرانے کیمرے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ امیگریشن کاؤنٹرز پر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے نصب کرنے کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی۔
شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے گزشتہ ایک برس کے دوران 1670 ایف آئی آرز درج کیں، جبکہ 5 ہزار میں سے 4 ہزار انکوائریز نمٹائی گئیں۔
بریفنگ کے مطابق ایک برس کے دوران 295 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔




