اسحاق ڈار کی یواین سیکریٹری جنرل سے بشکک میں ملاقات، علاقائی صورتحال پر گفتگو

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بشکک میں ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی انتونیو گوتریس سے ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں اسحاق ڈار نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ میں گوتریس کی قیادت کو سراہا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ اور کثیرالجہتی سفارت کاری سے مضبوط وابستگی کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار اور انتونیو گوتریس کے درمیان علاقائی صورتحال اور آئندہ جنرل اسمبلی اجلاس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جاری امور پر گفتگو کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق یواین سیکریٹری جنرل نے کثیرالجہتی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری و اصولی کردار کی تعریف کی اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، انتونیو گوتریس نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ دورے کی تاریخیں دفتر خارجہ اور اقوام متحدہ سیکریٹریٹ باہمی مشاورت سے طے کریں گے۔




