پاکستان، کرغزستان دو طرفہ تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر متفق

پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارت 20 کروڑ ڈالرز تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔ بشکیک ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
دونوں ملکوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر دستخط کردیے گئے، جس میں ٹرانزٹ ٹریڈ، سیکیورٹی، ماحولیات اور کرپٹو کرنسی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
دونوں ملکوں نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان میں امن و استحکام کو جنوبی اور وسطی ایشیا کے رابطوں کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
اس میں افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کی سلامتی کو خطرہ بننے والی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دینے پر بھی زور دیا گیا۔
کرغزستان کے صدر نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔
کرغزستان کے صدر خود گاڑی چلا کر وزیرِ اعظم کو ہوائی اڈے پر الوداع کرنے آئے۔




