اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے آسان و محفوظ مواقع بھی فراہم کرنا ہوں گے: احد چیمہ
وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے آسان اور محفوظ مواقع بھی فراہم کرنا ہوں گے۔
احد چیمہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر اجلاس ہوا، اس دوران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو قومی انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کےلیے خصوصی سرمایہ کاری نظام بنانے کا جائزہ لیا جائے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے آسان اور محفوظ مواقع بھی فراہم کرنا ہوں گے۔
مشیر نجکاری محمد علی نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مجوزہ سرمایہ کاری نظام کا خیرمقدم کیا۔
احد چیمہ کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کیلئے کثیرالجہتی اداروں، شراکت داروں کے ذریعے وسائل کا حصول ترجیح ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی تا روہڑی سیکشن پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پیشرفت جاری ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ ایم ایل ون کے لاہور تا راولپنڈی سیکشن کے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ ماڈل کی فزیبلٹی اسٹڈی کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم آفس سے منظوری ہوچکی ہے۔ منصوبے کی تکنیکی اور ابتدائی تیاریوں پر فوری پیشرفت کی جائے۔
احد چیمہ نے کہا کہ اے ایم آئی اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت آگے بڑھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید اسمارٹ میٹرنگ نظام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی آپریشنل اور کمرشل کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ہوگا۔ اے ایم آئی اسمارٹ میٹرنگ منصوبہ ڈسکوز کی مجوزہ نجکاری کے عمل میں بھی معاون ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گندھارا ثقافت سے متعلق منصوبے اورکیپٹل اسپتال کی توسیع کو آگے بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔
اجلاس میں سی ڈی اے اور این ایچ اے کے دیگر مجوزہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ 2027 اور 2028 میں مارکیٹ میں لانے کیلئے مجوزہ ہوائی اڈوں سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔




