مصطفیٰ کمال جس دن مناظرہ کا کہیں میں حاضر ہوں، مگر دستاویزات دکھائیں: مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال جس دن مناظرہ کا کہیں میں حاضر ہوں، مگر دستاویزات دکھائیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال نے کہا میدان میں آجائیں، میں تو آج بھی فیلڈ میں ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مصطفیٰ کمال ٹھنڈے کمرے میں پریس کانفرس کرتے ہیں، ہفتہ میں ایک بار کراچی آتے ہیں۔ اگر میرے مخالفین میری مخالفت نہیں کریں گے تو وہ مخالف نہیں رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 300 ارب روپے خرچ کیے ہیں، اگر خرچ کیے تو بجٹ دستاویزات دکھادیں۔ مصطفیٰ کمال غصے میں آجاتے ہیں، اپنی صحت کا خیال رکھیں وہ وزیر صحت ہیں۔
میئر کراچی کا یہ بھی کہنا تھا کہ کاغذ چھپتا نہیں ہے، پتہ چل جائے گا کہ دنیا کے دوسرے بہترین میئر کیسے بنے۔
انہوں نے کہا کہ موصوف خالد مقبول کےلیے کہتے تھے راکا ایجنٹ ہے۔ 2024 کے الیکشن سے پہلے موصوف خالد مقبول کی سربراہی میں ایم کیو ایم جوائن کرتے ہیں۔ موصوف کہتے تھے کراچی چھوڑیں سندھ کا وزیراعلیٰ بھی پی ایس پی کا ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ الیکشن ہوتے ہیں اور موصوف پانچویں نمبر پر آتے ہیں۔ روز ان کا پوائنٹ آف ویو تبدیل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا لوگ کہتے تھے کے ایم سی کے پاس اختیارات نہیں، وہی قانون اور اختیارات ہیں، قیادت مختلف ہے اور کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مفت میں آئی ٹی کورسز پڑھائے جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں ہمارے بچے یہ ہنر حاصل کریں اور اپنے ماں باپ اور شہر کی خدمت کر سکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کے تحت 4 ہزار 400 مربع میٹر رقبے پر مشتمل پارک کو سہولتوں سے آراستہ کیا ہے۔ شادمان ٹاؤن پارک میں بچوں کے لیے پلے ایریا اور جھولے بھی لگائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شادمان ٹاؤن کے آئی ٹی سینٹر کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اس شہر میں وہ کام کرکے جائیں گے جس سے عام لوگوں کی زندگی بہتر ہو۔ 15 ستمبر کے بعد مزید 139 ٹاؤنز کی سڑکوں کی ٹینڈرنگ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے یہ سڑکیں کے ایم سی بنائے گی۔ شہر کے ہر ضلع اور ٹاؤن میں یہ کام ہوتے دیکھیں گے۔




