وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان میں الیکٹرک بس کا افتتاح کر دیا

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص میری ذمے داری ہے۔
ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 60 گرین بسوں سے سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جلد 160 بسیں چلیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گرین بس کا کرایہ 20 روپے ہے، جبکہ طلبہ، خواتین، بزرگوں اور معذور افراد کے لیے مکمل فری ہے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ اسپیشل افراد کے لیے خصوصی وین بنائی گئی ہیں اور ایئر کنڈیشن بسوں میں فری وائی فائی، سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں پنجاب کے ہر ضلع میں گرین بسیں چلیں گی، 3 ہزار الیکٹرک بسیں عوام کی خدمت کے لیے موجود رہیں گی جبکہ طلبہ کو 1 لاکھ الیکٹرک بائیکس دیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسے علاقوں میں گرین بسیں چلا رہے ہیں جہاں عوام نے سرکاری ٹرانسپورٹ کا نام بھی نہیں سنا تھا۔




