ہمارا سیدھا مطالبہ ہے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارا سیدھا سیدھا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، ہم تو عوام کا حق لینے کے لیے جا رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کونسا آئین اور قانون پرامن احتجاج کو روکتا ہے۔ حکومت کنٹینرز لگا کر راستے بند کرکے خود عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرتی ہے، ہمارے احتجاج میں کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوتی نہ ریاست مخالف احتجاج ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ لیوی ختم کرکے پیٹرول کی قیمت کم کی جاسکتی ہے، ہمارا سیدھا سیدھا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مختلف شہروں میں دھرنے دینا محنت طلب کام ہے یہ کوئی مذاق نہیں، ہم عوامی مسئلے پر احتجاج کے لیے سڑکوں پر ہیں اور محنت کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کا جواب نہیں دیں گے مگر ان سے ایسی بات کی توقع نہ تھی، ہم گھر بیٹھ کر میمز نہیں بناتے نہ احتجاج پر بلاوجہ کے اعتراضات کرتے ہیں۔




