مذاکرات میں حکومت کا رویہ مناسب ہے، چاہتے ہیں نتیجہ مثبت نکلے، راجا ناصر عباس
اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ مذاکرات میں حکومت کا رویہ مناسب ہے، ہم نے طے کیا ہے صرف بیرسٹر گوہر ہی گفتگو کریں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں راجا ناصر عباس نے کہا کہ مذاکرات میں کوئی ابہام نہ ہو اس لیے صرف بیرسٹر گوہر بات کریں گے، جب بات چیت ہو رہی ہے، ہم چاہتے ہیں مذاکرات کا نتیجہ مثبت نکلے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری سے ملاقات کی اور اپنی باتیں کیں، لانگ مارچ سے متعلق بات ہوئی، ہمارے مطالبات پر بھی بات ہوئی۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ حکومت کو جو تشویش تھی، اس کا بھی انہوں نے اظہار کیا، یہ سب ہونے کے بعد طے پایا ہے کہ کل دوبارہ ملاقات ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور بہنوں کی رہائی کا معاملہ اس کا حصہ ہے، ہم نے اپنا مؤقف پیش کیا انہوں نے اپنی رائے دے دی ہے۔
سینیٹر راجا ناصر عباس نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنی باتیں کی ہیں، ہم نے اپنی باتیں کرلی ہیں، کل 2 بجے دوبارہ ہماری ملاقات ہوگی، فی الحال اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا رویہ مناسب تھا، رویہ مناسب نہ ہو تو مذاکرات کے لیے بیٹھ ہی نہیں سکتے، اصل بات یہ ہے کہ یہ مذاکرات جاری رہیں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کل پھر میٹنگ ہوگی اور بات چیت آگے بڑھے گی، اس کے بعد پھر فیصلہ ہوگا کہ آگے کیا کرنا ہے، کل مذاکرات کے بعد ہی ہم کچھ کہنے کے قابل ہوں گے، امید ہے چیزیں بہتر ہوں گی۔




