اپوزیشن اتحاد نے شیری رحمان کے بیان کو غیر ذمے دارانہ قرار دیدیا
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کے بیان کو غیر ذمے دارانہ قرار دیدیا۔
حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات سے متعلق بیان میں اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ شیری رحمان کو غیرذمہ دارانہ بیان نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق متفق ہوئے تھے کہ مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے، اتفاق کیا تھا کہ میڈیا پر جاکر کوئی بات نہیں کرے گا۔
اپوزیشن اتحاد کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کہنا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ ختم کرنے کےلیے وقت مانگا ہے، اس جملے کی مذمت کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نہ ہم نے ایسا جملہ کہا نہ ہی کوئی وقت مانگا ہے، جو نکات ہم نے حکومت کے سامنے رکھے یا انہوں نے ہمیں بتائے انہی پر مشاورت ہوگی۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد نے یہ بھی کہا کہ ہم نے طارق فضل چوہدری سے بات کی اور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر علامہ ناصرعباس کی شیری رحمان سے اس رویے پر بات ہوئی ہے، اُن پر واضح کیا کہ آپ نے غلطی کی ہے، جب ایک چیز پر اتفاق ہوگیا تھا تو غیر ذمے دارانہ گفتگو نہیں کرنی چاہیے تھی۔




