لاہور: غیر ملکی خاتون سے اجتماعی زیادتی کے الزام میں 3 ملزمان گرفتار

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے بتایا ہے کہ غیر ملکی خاتون سے اجتماعی زیادتی کے الزام میں 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے غیر ملکی خاتون کو نجی سوسائٹی کے فلیٹ میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس نے 2 ملزمان اور سہولت کاری کے الزام میں ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان لڑکی کو زیادتی کے دوران اعلیٰ تعلقات ہونے کا خوف دلاتے رہے، زیادتی کرنے والوں کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار غیر ملکی خاتون ڈیانا کا جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں قلم بند کروایا گیا بیان منظرِ عام پر آیا تھا۔
بیان میں متاثرہ غیر ملکی خاتون ڈیانا نے بتایا تھا کہ محسن، احمد اور علی عزیز تینوں نے مجھ سے زیادتی کی، بعد میں مجھے گاڑی میں ساتھ بٹھایا اور کہیں نکل پڑے، میرے پاس 2 لاکھ روپے پاکستانی کرنسی اور آئی فون تھا جو انہوں نے لے لیے۔
ڈیانا کا کہنا تھا کہ ملزمان نے کہا کہ چیزیں اس صورت میں واپس ہوں گی کہ تم پولیس کو شکایت نہیں کرو گی، پھر انہوں نے گاڑی کا دروازہ کھولا اور مجھے دھکا دے کر اتار دیا، اس وقت میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا، لوگوں کی مدد سے پولیس کو کال کی تھی۔




