مریم نواز سے ہسپانوی سفیر کی ملاقات، لاہور اور بارسلونا کو سسٹر سٹی قرار دینے کے امکانات کا جائزہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اسپین کے سفیر کارلوس ارگون نے ملاقات کی، جس میں لاہور اور بارسلونا کو سسٹر سٹی قرار دینے کو امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے فٹبال ورلڈ کپ میں اسپین کی فتح پر مبارکباد دی، ملاقات میں اسپین اور پنجاب کےدرمیان کاروباری اور تجارتی مواقع کا جائزہ لیا گیا، فضائی آلودگی اور ہیٹ ویوز کےچیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسپین کی طرف سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا، اسپین کے سفیر اور کاروباری وفود کو سیالکوٹ اور لاہور کے دورے کی دعوت دی۔
مریم نواز نے کہا کہ اسپین سے آنے والے تجارتی اور ثقافتی وفود کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے، موسمی تبدیلی کےچیلنجز اور اسموگ سے نمٹنے کیلئے اسپین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، بارسلونا میں سڑکوں اور عوامی مقامات کو پبلک فرینڈلی بنانے کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔




