اگلے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا وفاقی حکومت کے حمایت یافتہ ہوں گے: کامران مرتضیٰ

رہنما جمعیت علمائے اسلام سینیٹر کامران مرتضی نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کے اگلے وزیرِ اعلیٰ وفاقی حکومت کے حمایت یافتہ ہوں گے، پی ٹی آئی سے بندہ توڑ کر آئندہ وزیرِ اعلی کے پی کے لیے تیار کر لیا گیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی اپوزیشن لیڈر ہیں، ہم ان کا احترام کرتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہیں بنیں گے۔
جمیعت علمائے اسلام ف کے رہنما نے کہا کہ حکومتی رضامندی اور مدد سے کے پی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اندر فارورڈ بلاک بنے گا اور پھر فارورڈ بلاک کے ذریعے معاملات آگے چلیں گے۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جمہوری انداز میں آگے چلنے میں ہی مسئلے کا حل ہے، پی ٹی آئی رہے گی، کسی کو پی ٹی آئی سے مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف خیبر پختون خوا کے حوالے سے اپنی جدوجہد کر رہی ہے، کسی دوسری جماعت کے پروگرام پر نہیں، اپنے پروگرام پر چل رہی ہے۔
جمعیتِ علمائے اسلام کے رہنما نے کہا کہ خیبر پختون خوا سے دہشت گردی کے خاتمے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے، یہ ختم ہونی چاہیے، لوگوں کی جان و مال اور عزت محفوظ ہونا چاہیے اور دہشت گردی کا خاتمہ صرف اعلانات تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔




