لاہور ہائیکورٹ نے بانئ پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کی درخواست نمٹا دی

لاہور ہائی کورٹ میں بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست نمٹا دی گئی۔
جسٹس عبہر گل خان نے بانئ پی ٹی آئی کی بہنوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سیکریٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل عدالت میں پیش ہوئے۔ عظمیٰ خان کے شوہر اور علیمہ خان کے بیٹے بھی پیش ہوئے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تینوں بہنوں کی نظر بندی میں 30 روز کی توسیع کی گئی تھی جبکہ 7 اکتوبر کو بھی نظر بندی میں توسیع کی گئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ تینوں بہنوں کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ نظر بندی کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر نے جاری کیا تھا لیکن درخواست میں ڈپٹی کمشنر کو فریق نہیں بنایا گیا۔
عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کو معلوم ہونا چاہیے کہ عدالت درخواست سے باہر جا کر کوئی حکم جاری نہیں کر سکتی۔
لاہور ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔




