پاکستانی ریفائنریز اپ گریڈیشن منصوبہ امریکی سرمایہ کاری کا موقع ہے، علی پرویز ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے منصوبے امریکی مالیاتی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں علی پرویز ملک سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ صورتحال اور پاکستان میں ایندھین کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعاون کا خواہاں ہے، پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل مدتی توانائی فراہمی کے معاہدے مفید ثابت ہوسکتے ہیں، امریکا پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیےتعاون کا خواہاں ہے۔
نیٹلی اے بیکر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل مدتی توانائی فراہمی کے معاہدے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
دوران گفتگو وزیر پیٹرولیم نے امریکی ناظم الامور کو توانائی ضروریات کے تحفظ کےلیے اقدامات سے آگاہی دی، اس پر نیٹلی اے بیکر نے ایندھن فراہمی کی صورتحال موثر انداز میں سنبھالنے پر پاکستان کی تعریف کی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، امریکا اور پاکستان کی ٹیمیں انرجی سیکٹر میں تعاون کےنئے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، امریکی تعاون اور دوطرفہ روابط کا فروغ پاکستان کی طویل مدتی توانائی سلامتی مضبوط بنانے میں معاون ہوگا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دی۔




