بلال بن ثاقب کی ڈویژنل صدر ماسٹر کارڈ سے ملاقات، ڈیجیٹل اثاثہ جات کے مستقبل پر تبادلہ خیال

وزیر مملکت اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیوارا) بلال بن ثاقب کی ماسٹر کارڈ کے ڈویژنل صدر مارک ایلیٹ سے ملاقات جہاں سرحد پار ادائیگیوں اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور ماسٹر کارڈ کے درمیان جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا جبکہ بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے سرحد پار ادائیگیوں کو مزید مؤثر بنانے پر گفتگو کی گئی۔
اس ملاقات میں ترسیلاتِ زر کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مالیاتی اثاثہ جات کی ذمہ دارانہ ٹوکنائزیشن کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سالانہ 40 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلاتِ زر موصول ہوتی ہیں۔ ڈیجیٹل معیشت کی ترقی سے اوورسیز پاکستانیوں اور کاروباری اداروں کےلیے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں، سائبر سیکیورٹی اور مالیاتی شفافیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صارفین کے تحفظ اور مالیاتی استحکام کے لیے مؤثر ریگولیٹری فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ پاکستان جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے عالمی نظام کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔ ٹیکنالوجی اور جدت کو حقیقی معاشی فوائد میں تبدیل کرنا اولین ترجیح ہے۔




