یوکرین جنگ کا خاتمہ، ابوظبی میں سہ فریقی مذاکرات شروع
کراچی (نیوز ڈیسک) یوکرین، روس اور امریکہ کے درمیان یوکرین جنگ کے خاتمے کے حوالے سے سہ فریقی مذاکرات ابوظبی میں شروع ہو گئے ،اجلاس سے قبل امریکی نمائندوں نے ابوظبی میں یوکرینی، یورپی اور نیٹو حکام سے ملاقات کی، واضح رہےکہ روس کی جانب سے مکمل جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کسی بڑی پیش رفت کی توقعات کم ہیں، تاہم امریکی حکام کا کہناہے ماسکو اور کیف نےجنگ کے بعد کے ممکنہ منظرنامے میں یوکرین کے مشرقی علاقوں کے کنٹرول کے معاملے پر ’کچھ لچک‘ کا مظاہرہ کیاہے۔دونوں فریقوں کے درمیان اختلاف کا ایک اہم نکتہ یوکرین کا مشرقی علاقہ دونیتسک ہے، جس کا بیشتر حصہ اس وقت روس کے قبضے میں ہے،ماسکو کا مطالبہ ہے کہ یوکرین دونیتسک کے باقی ماندہ زیرِکنٹرول علاقوں سے بھی دستبردار ہو جائے، جبکہ کیف کنٹرول لائن کو موجودہ حالت میں برقراررکھنا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے زیرِکنٹرول علاقوں پر قبضہ برقرار رکھ سکے، جنھیں وہ اپنی مستقبل کی سلامتی کیلئےاہم قرار دیتا ہے۔سٹیو وٹکوف کے ساتھ امریکی وفد میں شامل صدرٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنرکےمطابق ان مذاکرات کا محور جنگ کے بعد روس اور یوکرین کے سیکورٹی خدشات ہونگے۔




