بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ

حکومت نے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ کرلیا۔ اکتوبر تا دسمبر اضافہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کو ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کے اچانک اور اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اکتوبر سے دسمبر 2026 تک کے تین ماہ کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے اور اضافہ محض 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تین ماہ کے لیے یکساں فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے سے بجلی صارفین کو قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال اور اچانک اضافے سے تحفظ ملے گا۔ اس مقصد کے لیے پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا ’فارورڈ لکنگ میکنزم‘ تجویز کر دیا، جس کی منظوری کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو نئے میکنزم پر باقاعدہ پالیسی گائیڈ لائنز جاری کی جائیں گی۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ سردیوں کے موسم میں پن بجلی (ہائیڈل) کی پیداوار کم ہونے کے باعث تھرمل بجلی پر انحصار بڑھ جاتا ہے اور سردیوں کے بعض مہینوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں مہنگے تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی تجاوز کر جاتا ہے۔
ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا، تاہم حکومتی اقدامات کے ذریعے اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے اضافی بوجھ سے بچایا گیا، اور اس دوران فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اوسط اضافہ صرف 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔
پاور ڈویژن کے مطابق مارچ 2024 میں جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جسے مارچ 2026 تک 8 روپے 76 پیسے کم کر کے 44 روپے 28 پیسے پر لایا گیا۔
اسی طرح مارچ 2024 سے مارچ 2026 کے دوران صنعتی بجلی کے ٹیرف میں 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کی بڑی کمی کی گئی، جس کے نتیجے میں صنعتی ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ پر آ گیا ہے۔




