وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب اور ترکیے کے اعلیٰ سطح کے وفود کی ملاقات

کولاج فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
کولاج فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب اور ترکیے کے اعلیٰ سطح کے وفود نے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات اسلام آباد میں اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

اس حوالے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ دفاعی اتحاد سے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد اور مشترکہ عزم خوش آئند ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے سیکیورٹی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

وزیراعظم نے اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔ 

ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی وزیراعظم سے ملاقات کیلئے آنے والے وفد میں شامل تھے۔ 

ادھر ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائراکتار اوغلو ترک وفد کا حصہ تھے۔ 

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ 

مکہ دفاعی اتحاد کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ 

اعلامیہ کے مطابق تینوں برادر ممالک نے قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں