ایم کیو ایم پاکستان کا کراچی میں کل کی ریلی و جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ: ذرائع

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں کل (29 نومبر کو) ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق اس حتمی فیصلے کا اعلان آج بہادر آباد مرکز پر ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال کو مدِنظر رکھتے ہوئے جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادھر کمشنر کراچی نے ایم کیو ایم کو شارع فیصل پر ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
کمشنر آفس کے مطابق مزارِ قائد سمیت شارع فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کی پولیس حکام نے سفارش کی ہے جس کی روشنی میں ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
کمشنر آفس کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کو ریلی سے متعلق نئی تجویز جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شارع فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق 29 نومبر کو جلسے کی درخواست پہلے سندھ ترقی پسند پارٹی نے دی تھی، ٹکراؤ کے پیشِ نظر ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔




