فیلڈ مارشل سید عاصم منیر و وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سپارکو سے پاکستانی خلاء باز کو ویڈیو کال
وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی سے بذریعہ ویڈیو کال گفتگو کی ہے۔
چینی خبر ایجنسی کے مطابق سپارکو کے ہیڈکوارٹرز میں چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست خلائی رابطہ کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلاء نورد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر براہ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے ذیشان علی کی تربیت اور تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابی پر فخر ہے، مسلح افواج کو بھی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سپوت خلاء میں پہنچا اور اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کی، پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے، خلائی اسٹیشن پر آپ کی موجودگی پاکستان اور چین کی اسٹریٹیجک شراکت داری قابلِ فخر ثبوت ہے، خلاء میں موجودگی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔
خلاء باز محمد ذیشان علی نے خلائی اسٹیشن سے سویلین اور عسکری قیادت سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے، زمین سے 400 کلو میٹر بلندی پر 7.9 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں۔
ذیشنان علی کا کہنا ہے کہ طے شدہ منصوبے کے مطابق ذمے داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، چین کے خلائی اسٹیشن پر اپنی ذمے داریاں اور تحقیقی کام پوری لگن سے کر رہا ہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں۔
چینی کے مطابق پاکستانی خلاء باز اس وقت شین ژو 24 کے انسان بردار خلائی مشن میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چینی خلائی مشن شین ژو 24 پہلے پاکستانی خلاء باز کو لے کر 25 نومبر کوروانہ ہوا تھا۔
ذیشان علی تقریباً 5 سے 10 روز خلاء میں قیام کے بعد شین ژو 23 کے ذریعے واپس آئیں گے، اس دوران وہ خلاء میں تحقیقاتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔




