اٹوٹ جذبے اور مکمل عزم کے ساتھ ہمارے جوان ہمہ وقت تیار ہیں: خواجہ آصف

پاک فوج کے دستے، طے شدہ معاہدوں کے تحت سعودی عرب میں ذمہ داری انجام دینے کےلیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب روانہ ہونے والے دستوں کیلئے پاک فوج کی جانب سے پُر وقار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اٹوٹ جذبے اور مکمل عزم کے ساتھ ہمارے جوان ہمہ وقت تیار ہیں، تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کی عکاس ہے، اس کی بنیاد اعتماد، ایمان اور باہمی احترام پر قائم ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج جہاں بھی جاتی ہے سبز ہلالی پرچم کو فخر اور وقار کے ساتھ سر بلند رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہے، پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے، پاکستانی فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی تقریب میں شریک ہوئے، اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی بھی موجود تھے۔




