برطانوی میڈیا میں مسلمانوں کے خلاف شدید تعصب کا انکشاف
کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی میڈیا میں مسلمانوں کے خلاف شدید تعصب کا انکشاف، 40 ہزار مضامین میں سے 70 فیصد میں مسلمانوں کو منفی پہلوؤں یا طرز عمل سے منسوب کیا گیا، رپورٹ ۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک نئی تحقیق کے مطابق جہاں ایک طرف مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، وہیں میڈیا میں مسلمانوں کے حوالے سے جانبدارانہ کوریج بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ سینٹر فار میڈیا مانیٹرنگ، جو کہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے اور میڈیا میں مسلمانوں اور اسلام کی تصویر کشی کا جائزہ لیتی ہے، نے پیر کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا کہ اس نے 30 مختلف میڈیا اداروں کے تقریباً 40 ہزار مضامین کا تجزیہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 70 فیصد مضامین میں مسلمانوں یا اسلام کو منفی پہلوؤں یا طرز عمل سے منسوب کیا گیا تھا۔ گروپ کی ڈائریکٹر رضوانہ حامد نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی برطانیہ میں کی جانے والی اب تک کی سب سے بڑی تحقیق ہے، اور یہ رپورٹ اس حوالے سے انتہائی تشویشناک شواہد پیش کرتی ہے کہ برطانوی پریس میں مسلمانوں کی تصویر کشی میں ایک گہرا ساختی تعصب پایا جاتا ہے۔




