پہلے بھی گورنر سندھ سے تعاون کیا آئندہ بھی کریں گے، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پہلے بھی گورنر سندھ سے تعاون کیا آئندہ بھی کریں گے۔
صوبائی وزرا شرجیل میمن اور ضیاء لنجار نے کراچی ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا اور گل پلازہ کے دکانداروں کے لیے قائم اسٹالز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے عہدیدار زبیر موتی والا اور دیگر بھی وزراء کے ساتھ موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ سانحے کے دکانداروں کی بھی حکومت نے ہر ممکن مدد کی تھی، حکومت سندھ نے گل پلازہ کے متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا ہر مشکل میں تاجروں کا ساتھ دیا ہے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں کمی کے لیے پولیس کا اہم کردار ہے، وہ دن دور نہیں جب کراچی ایک بار پھر اس خطے کا معاشی حب بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس کو مبارکباد کہ گل پلازہ کے دکانداروں کےلیے بازار لگایا، پانچ سو سے زائد دکانداروں نے اسٹالز لگائے ہیں۔ پہلے بھی گورنر سے تعاون کیا آئندہ بھی کریں گے۔
سینیئر وزیر شرجیل میمن نے کہا گورنر کا عہدہ ن لیگ کے پاس تھا انہوں نے اپنا گورنر لگایا ہے، ہم نئے گورنر سندھ کا خیر مقدم کرتے ہیں، تعاون کریں گے، آئندہ عید پر گل پلازہ کے دکاندار اپنی دکانوں پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جتنا بھی پروپیگنڈا ہو حکومت متاثرین گل پلازہ کے ساتھ ہے، کراچی کی سڑکوں کی بہتری کے لیے بھی کام ہو رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کچے کے علاقے میں بھی ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا ہے، اس وقت سندھ میں کوئی بھی مغوی نہیں۔




