اسحاق ڈار کی اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

اسحاق ڈار کی اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت
فوٹو: سوشل مڈیا۔وزارت خارجہ پاکستان
فوٹو: سوشل مڈیا۔وزارت خارجہ پاکستان

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ریاض میں عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔ سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس میں حالیہ علاقائی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں آذربائیجان، بحرین، مصر، اردن، کویت، قطر، لبنان، ترکیہ، شام اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔ 

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے تمام برادر ممالک کی علاقائی سالمیت، خود مختاری اور سیاسی آزادی کی مکمل حمایت کا اظہارکیا۔

نائب وزیراعظم نے برادر ممالک کے علاقوں پر ہونے والے تمام حملوں کے خاتمے پر زور دیا۔ انہوں نے مسلم امہ کے اتحاد کی اہمیت کو اُجاگر کیا جبکہ جاری تنازع کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے مکالمے اور سفارتکاری پر زور دیا، انہوں نے خطے میں جاری بحران کی بنیادی وجوہات حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اسحاق ڈار نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت و اشتعال انگیزی، شہریوں، توانائی کے شعبے اور اہم تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔ نائب وزیراعظم نے ایسے تمام اقدامات کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔ 

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ایسے کسی بھی عمل سے گریز کرنا چاہیے جو علاقائی و عالمی توانائی سلامتی کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔

نائب وزیراعظم نے شرکا کو بحران کے حل کےلیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر عرب و اسلامی ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔ 

اسحاق ڈار نے حکومت کی جانب سے سعودی وزیر خارجہ کو مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا پیغام پہنچایا۔

اسحاق ڈار نے ترکیہ اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ اسحاق ڈار نے مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے چار فریقی اجلاس میں بھی شرکت کی۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں