پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان فائیو جی اسپیکٹرم پر دستخط، 3 کمپنیوں کو لائسنس جاری
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان فائیو جی اسپیکٹرم معاہدے پر دستخط ہوگئے، پاکستان نے 3 ٹیلی کام آپریٹرز کو فائیو جی اسپیکٹرم لائسنس جاری کردیے۔
فائیو جی سے موبائل صارفین کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت میسر آسکے گی۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کے لائسنس کی نیلامی انتہائی شفاف طریقے سے کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت اور آئی ٹی سیکٹر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان کے ہر کونے، گاؤں، دیہات میں ٹیکنالوجی لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ درپیش قانونی چیلنجز کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے جدید انقلابی دور میں فائیو جی اسپیکٹرم سے متعلق شاندار اقدام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں قانونی طور پر بڑی رکاوٹیں تھیں، اعظم نذیر تارڑ نے لیگل چیلنجز سے متعلق بہترین تعاون کیا۔




