پی آئی اے کنسورشیم کے اعلیٰ سطح وفد کی ملائیشا کی ایئر ایشیا گروپ انتظامیہ سے ملاقات
پی آئی اے کنسورشیم کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملائیشیا کی صف اول کی ایئرلائن ایئر ایشیا گروپ کی انتظامیہ سے ملاقات کی ہے۔ دونوں ایئرلائنز نے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے کنسورشیم اور ایئر ایشیاء گروپ کے درمیان ملائیشیا میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ایوی ایشن کے شعبے میں مشترکہ مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
پی آئی اے کنسورشیم کے وفد کی قیادت معروف تاجر گوہر اعجاز نے کی۔
ملاقات کے دوران ایئر ایشیا گروپ کے سی ای او بو لنگام نے اپنے ادارے کے تجربات اور کامیاب بزنس ماڈل سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پی آئی اے کو ایک جدید، منافع بخش اور عالمی معیار کی ایئرلائن بنانے کے لیے بین الاقوامی سطح کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔
اس موقع پر فلائٹ آپریشنز، لاگت میں کمی، مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور روٹس کے مؤثر استعمال جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔
پی آئی اے کنسورشیم کے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن کو دنیا کی بہترین انٹرنیشنل ایئرلائنز کی صف میں شامل کرنے کا عزم کیا گیا۔
آئندہ دنوں میں پی آئی اے کے بیڑے میں نئے طیارے شامل کیے جائیں گے، ادارے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی روٹس کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا ایئرلائن کی کارکردگی کو بہتر بنا کر عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نہ صرف ایک ایئرلائن بلکہ پاکستان کی پہچان ہے اور اس کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنا حکومت اور کنسورشیم کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے ادارے کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔




