الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا حکومت کو مطلوبہ مواد کی فراہمی کی ہدایت
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کو مطلوبہ مواد اور دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن میں خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سیکریٹری بلدیات خیبر پختونخوا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، سیکریٹری بلدیات خیبر پختونخوا نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں اضلاع کی نئی تعداد شامل کرنے کی سمری، کابینہ اور گورنر کو منظوری کےلیے بھیجنے سے آگاہ کیا۔
دوران سماعت بتایا گیا کہ نقشوں کے لیے محکمہ شماریات سے رابطہ کیا، جس نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا کہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت کو مطلوبہ مواد اور دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کمیشن کو بتایا کہ اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد سے متعلق مسودہ منظوری کےلیے وزیراعظم آفس کو بھجوادیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ڈی سی کو وزیراعظم آفس سے جواب حاصل کرنے کی ہدایت کی اور دونوں کیسز کی سماعت 7 جولائی تک ملتوی کردی۔




