معذرت کو قبول کرنا بھی اسلامی اخلاق کا تقاضہ ہے، مفتی محمد نوید عباسی

نیوز اینکر جیو نیوز کی جانب سے نشر کی گئی ڈاکیومنٹری ”سفر عشق‘‘ میں ایک مختصر علامتی اور بغیر چہرے کی بصری عکاسی دکھائی گئی۔ جو نہ صرف ہماری ادارتی پالیسی بلکہ ہمارے ایمان، عقیدے اور دینی جذبات کے بھی سراسر خلاف تھی۔ اس غلطی پر ادارے کی جانب سے فوری معذرت کی گئی اور اسے مستقل نشر کیا گیا اور ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا۔
اس معاملے پر معروف اور مقتدر عالم دین مہتمم مرکز علوم القرآن کلفٹن کراچی مفتی محمد نوید عباسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ دیگر انبیا کرام علیہم السلام، صحابہ کرام، امہات المومنین اور اہل بیت اطہار رضوان اللہ علہیم و اجمعین کی کسی بھی نوعیت کی تصویری یا بصری نوعیت کی عکاسی خواہ اس کا مقصد تعظیم عقیدت یا حسن نیت کیوں نہ ہو شرعاً جائز نہیں اور اس سے مکمل اجتناب ضروری ہے کیونکہ یہ دینی حساسیت تقدیس مقدسات اور سدِالذرائع اصول کے منافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیو نیوز پر نشر ہونے والے ایک دستاویزی پروگرام میں ایسے مناظر شامل کیے گئے جن میں خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰﷺ اور آپ ﷺ کے نواسوں حضراتِ حسنین کریمین کی علامتی بصری عکاسی کی گئی جو جمہور اہل علم اور اقابر علماء کے نزدیک شرعاً اور دینی اعتبار سے ہرگز جائز نہ تھی البتہ یہ حقیقت بھی سامنے ہے کہ ادارے نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ مواد کو تمام پلیٹ فارم سے ہٹا دیا اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور معذرت کی، ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اصلاحی اقدامات کا اعلان کیا۔
مفتی محمد نوید عباسی نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق اگر کسی فرد یا ادارے سے لگزش سرزد ہو جائے پھر وہ اپنی غلطی کا اعتراف کرے اس کی اصلاح اور تلافی کے لیے عملی اقدامات کرے تو اس کی معذرت کو قبول کرنا بھی اسلامی اخلاق کا تقاضہ ہے، ساتھ ہی یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رہنی چاہیے که تحفظ ناموس رسالتﷺ، تعظیم انبیاء کرام، احترام صحابه کرام، امہات المومنین اور اہل بیت اطہار رضوان الله علیہم اجمعین ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی تقاضہ ہے اور ان مقدس معاملات میں کامل احتیاط اور انتہائی احترام کو ہر حال میں مقدم رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ ایسے حساس معاملات کو سیاسی مفادات ادارہ جاتی رقابتوں یا گروہی کشمکش کا ذریعہ نہ بنایا جائے بلکہ عدل حکمت دیانت اور اسلامی اخلاق کی روشنی میں اصلاح احتساب اور انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ رکھا جائے۔
مفتی محمد نوید عباسی نے کہا کہ جیو کے مالکان اور انتظامیہ کا اپنی کوتاہی پر معذرت اور تو بہ کرنا قابل تحسین عمل ہے، اللہ کو تو بہ کرنے والے پسند ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ انہیں توبہ پر استقامت عطا فرمائے اور آئندہ ہر قسم کی لگزش خطا سے محفوظ رکھے۔




