ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا گیا، ترجمان آزاد کشمیر
آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ترجمان چوہدری گفتار حسین نے کہا ہے کہ کالعدم عوام ایکشن کمیٹی بنیادی حقوق کے مطالبات سے ہٹ کر ریاست مخالف مقاصد کی جانب مائل ہوئی، ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا گیا۔
ترجمان آزاد کشمیر حکومت چوہدری گفتار حسین اور آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان ڈی آئی جی عرفان مسعود کشفی نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے ہر قیمت پر امن، قانون کی حکمرانی اور عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
چوہدری گفتار حسین نے کہا کہ شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے عام شہریوں کی آمدورفت معطل کی گئی، کئی علاقوں میں غذائی قلت اور اشیاء ضروریہ کی کمی کی صورتحال پیدا ہوئی، دھرنے سے پونچھ ڈویژن میں خوراک، ادویات، ضروری اشیاء کی ترسیل شدید متاثر ہوئی۔ حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے عوام کیلئے بند راستے کھول دیے جائیں۔
ترجمان آزاد کشمیر نے کہا کہ اکتوبر 2025 کے معاہدے کے تحت کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات منظور کیے گئے۔ کالعدم عوام ایکشن کمیٹی بنیادی حقوق کے مطالبات سے ہٹ کر ریاست مخالف مقاصد کی جانب مائل ہوئی، ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بند شاہراہیں کھلوانے کی ہر کوشش کے دوران کالعدم کمیٹی نے فائرنگ کی، شجاع آباد میں شدید فائرنگ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے، اشیائے خور و نوش لانے والے ٹرکوں پر حملے، لوٹ مار کے واقعات ہوئے۔
چوہدری گفتار حسین نے یہ بھی کہا کہ خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی اطلاعات ہیں، خواتین، بچوں کو مرضی کے خلاف دھرنے میں رکھنےکی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ اشتعال انگیزی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ناقابلِ قبول ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کالعدم کمیٹی نے 14 جولائی کے احتجاج میں طلبا و طالبات کو اسکول کالج یونیفارم میں شرکت کا کہا ہے۔ 15 جولائی کے لانگ مارچ میں طلبا کو فرنٹ لائن پر کھڑا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں تمام تر ذمہ داری کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی پر عائد ہوگی، قانون کی عملداری یقینی بنانا، معصوم شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کےعام انتخابات مقررہ انتخابی شیڈول کے مطابق ہوں گے، انتخابات کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی یا تاخیر کا کوئی امکان نہیں، آزاد، منصفانہ، شفاف، پُرامن انتخابات کیلئے تمام انتظامی، سیکیورٹی تیاریاں مکمل ہیں، عوام جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں، عوام اشتعال انگیز پروپیگنڈے، افواہوں اور تفرقہ انگیز بیانیے کو مسترد کریں۔




