نورین نیازی کا معرکۂ حق سے متعلق بیان پارٹی پالیسی نہیں، انکی ذاتی رائے ہے: بیرسٹر گوہر

نورین نیازی کا معرکۂ حق سے متعلق بیان پارٹی پالیسی نہیں، انکی ذاتی رائے ہے: بیرسٹر گوہر
بیرسٹر گوہر - فوٹو: فائل
بیرسٹر گوہر – فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ نورین نیازی کا معرکۂ حق سے متعلق بیان پارٹی پالیسی نہیں بلکہ ان کی ذاتی رائے ہے۔

اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور اللّٰہ کے فضل سے ملک نے دشمن کو مؤثر جواب دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، افواجِ پاکستان اور شہداء کی قربانیوں پر کسی قسم کی غیر ضروری بحث سے گریز کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست کو تمام وسائل بروئے کار لانے چاہئیں تاکہ ملک میں امن، ترقی اور استحکام ممکن ہو سکے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کا دیرپا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ پیش رفت نہیں ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ قائمہ کمیٹیوں اور جوڈیشل کمیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ بدستور برقرار ہے جبکہ آزاد کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ پر بھی فی الحال پارٹی کا یہی مؤقف ہے، البتہ حالات میں بہتری آنے کی صورت میں اس فیصلے پر نظرثانی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں پارٹی عہدے دار نہیں اور ان کے ذاتی بیانات کو پارٹی مؤقف نہ سمجھا جائے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں