وزیر خزانہ کی واشنگٹن میں امریکی ہم منصب سے ملاقات، زرمبادلہ ذخائر بڑھانے میں تعاون کی درخواست
واشنگٹن میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی ملاقات ہوئی ہے، اس دوران محمد اورنگزیب نے امریکی ہم منصب سے زرمبادلہ بڑھانے میں تعاون کی درخواست کی۔
وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے ملاقات میں پاکستانی معیشت کے علاقائی جغرافیائی و سیاسی صورتحال سے متاثر ہونے کے خدشے کا اظہار کیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کی ’روڈ ٹو مارکیٹ‘ حکمتِ عملی کے لیے امریکا سے مزید تعاون کی درخواست کی، اس تعاون میں بین الاقوامی سرمایہ جاتی منڈیوں تک بہتر رسائی شامل ہے۔
اس تعاون میں زرمبادلہ ذخائر بڑھانے اور پاکستان کی خود مختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری بھی شامل ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق فریقین نے امریکا کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا۔ پاکستانی اور امریکی وزرائے خزانہ کی ملاقات میں اسٹریٹیجک منصوبے آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔




