وزیراعظم شہباز شریف اور کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی امن کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ، مواصلات، بحری امور، پیٹرولیم اور وزیراعظم کے مشیر بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ روابط پر استوار ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے جاری تنازع کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر حملوں کی سخت مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے دیانت دار، مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، آئی ٹی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کویت میں مقیم پاکستانی برادری کی فراخدلانہ میزبانی پر کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کویت کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے موجودہ علاقائی بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور مشکل حالات میں کویت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مسلسل مشاورت اور قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور اس مقصد کے لیے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کویت کے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔




