میر رضا کیس اچھے طریقے سے حل ہونا چاہیے، آئی جی سندھ

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ میر رضا افسوسناک واقعہ ہے، کیس اچھے طریقے سے حل ہونا چاہیے۔
سکھر میں پریس کانفرنس کے دوران آئی جی سندھ نے کہا کہ کیس کے متعلق کمیٹی بنائی گئی ہے، نئی ٹیم اپنا کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میر رضا کیس میں میرے خیال میں مس کمیونیکیشن کا مسئلہ سامنے آیا ہے، افسوسناک واقعہ ہوا ہے، کیس اچھے طریقے سے حل ہونا چاہیے۔
جاوید عالم اوڈھو نے مزید کہا کہ ہم پالیسی بنانے والے نہیں، قانون پر عمل درآمد کرانے والے ہیں، معاملے کی تحقیقات میں حقیقت سامنے آئے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ میر رضا کیس حساس ہے، پولیس اور سندھ حکومت کا مقصد اس کیس کو ٹھیک طریقے سے حل کرنا ہے، کیس میں ابہام زیادہ میڈیکل لیگل رپورٹ کی وجہ سے ہوا، پہلے ایک ڈاکٹر نے رپورٹ کوئی اور دی تھی۔
آئی جی سندھ پولیس نے یہ بھی کہا کہ تحقیقات کے لیے نئی کمیٹی بنائی گئی ہے، جس پر عوام کا اعتماد بحال ہو، پہلے جو کیمیٹی بنی، ان کو جو شواہد دیے گئے اس پر وہ کام کرتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ اب شواہد بالکل تبدیل ہوگئے، نئے شواہد کی روشنی میں ضرورت تھی کے نئے طریقے سے شروعات کی جائے، نئی تحقیقاتی ٹیم کو کہا کہ متاثرہ خاندان اور میڈیا کے ساتھ کمیونیکیشن اوپن رکھیں۔
اس سے قبل خبر آئی تھی کہ میر رضا علی کے جسم کو تیزاب سے جلانے کی کوشش بھی کئی گئی تھی۔ فرانزک ذرائع کے مطابق میر رضا کی شرٹ پر تیزاب پایا گیا۔
دوسری طرف سندھ حکومت نے میر رضا کیس کی تحقیقات ہائیکورٹ ججز سے کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ضیا لنجار نے کہا کہ آج میر رضا کیس سے متعلق وزیر اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ تھی، ہم نے فیصلہ کیا ہے ہم جوڈیشل کمیشن بنا رہے ہیں۔
میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی تھی، اس کے سینے میں گولی لگی تھی، لاش ملنے سے 1 روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔
مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح تھا اور رضا اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔




