ایران پاکستان کی مسلسل خوشحالی، فلاح، امن کیلئے دعاگو ہے: رضا امیری

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم دوست، ہمسایہ اور برادر ملک ہے، پاکستانی قوم کی استقامت، اتحاد اور شاندار کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پاکستان کی دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے رشتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کی قیادت کے عزم سے پاک ایران تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان تعلقات تاریخی موڑ سے گزر رہے ہیں اور دوطرفہ روابط کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، ایران پاکستان کی مسلسل خوشحالی، فلاح، امن، ترقی اور سلامتی کے لیے دعاگو ہے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی دیرینہ دوستی مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستان اور ایران کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
ایرانی سفیر نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر پاکستانی حکومت اور عوام کو ایک بار پھر دلی مبارکباد پیش کی۔




