گڈز ٹرانسپورٹرز نے 9 دن سے جاری ہڑتال 40 دن تک موخر کرنے کا اعلان کردیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

گورنر ہاؤس سندھ میں حکومتی نمائندوں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے 9 دن سے جاری ہڑتال 40 روز تک موخر کرنے کا اعلان کر دیا۔

گُڈز ٹرانسپورٹرز کے رہنما ملک شہزاد نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ یقین دہانیوں اور وعدوں پر عمل کیا جائے گا، ہم ہڑتال ختم نہیں کر رہے بلکہ موخر کر رہے ہیں۔

کراچی میں ٹرانسپورٹرز اور حکومتی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال غیر معمولی ہے، ایسے میں مکہ معاہدہ ہوا، معاشی اثرات صرف پاکستان نہیں، دنیا بھر میں ہیں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کوشش کر رہے ہیں کہ بہتر اثرات عوام تک پہنچیں، حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے ایک دوسرے کو سنا ،دونوں متفق ہیں کہ ملک کے لیے ہر قربانی کو تیار ہیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے جو مسائل حل طلب تھے وہ حل کیے، کچھ مطالبات کے لیے رسمی کارروائیاں ہیں وہ پوری کریں گے۔

ملک شہزاد نے کہا کہ  ہماری جانب سے نو دن سے ملک گیر ہڑتال ہو رہی ہے، حکومت سندھ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پارکنک کا مسئلہ حل ہوگا۔ 15 دن کا وقت لیا گیا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں کا تعین 15 دن یا ایک ماہ بعد کیا جائے گا۔

علیم خان نے ٹول ٹیکس میں کمی سے متعلق کمیٹی بنانے اور نظرثانی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ 10 وہیلر کو مناسب وزن کی اجازت دینے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  وفاقی و صوبائی حکومت نے کچھ مسائل حل کر دیے ہیں، کچھ مسائل کابینہ سے حل ہونے ہیں، ان کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔ کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے، حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال 40 دن کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے یقین دہانی اور وعدوں پر عمل کیا جائے گا، ہم ہڑتال ختم نہیں کر رہے بلکہ موخر کر رہے ہیں، یقین دہانی پر عمل نہ ہوا تو احتجاج ریکارڈ کروا سکتے ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ  آج ہم پورے دن معاملات حل کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، جو چیزیں سندھ حکومت نے کرنی ہیں وہ ہم کریں گے، کوشش ہے کہ گفتگو سے مسائل کو حل کیا جا سکے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں