بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق یکم اور 10 اگست کی میڈیکل رپورٹس سامنے آگئیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

 بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق یکم اور 10 اگست کی میڈیکل رپورٹس سامنے آگئیں، یکم اگست کو کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اختر علی بندیشہ نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، بانی پی ٹی آئی نے بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ، سر درد اور بے چینی کی شکایت کی۔

رپورٹ کے مطابق یکم اگست کو بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر 140/100 اور نبض کی رفتار فی منٹ 50 ریکارڈ کی گئی، بانی پی ٹی آئی کی ای سی جی میں کوئی اہم غیر معمولی تبدیلی سامنے نہیں آئی، ڈاکٹرز نے سفارش کی کہ ذہنی دباؤ کم کرنے کیلئے اہلیہ سے زیادہ ملاقاتیں، اخبارات اور ٹی وی کی سہولت فراہم کی جائے۔

ڈاکٹر نے سفارش کی کہ عمر اور ذہنی دباؤ کے پیش نظر سی ٹی کورونری انجیوگرافی کروائی جائے، کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ نے بلڈ پریشر کی ادویات میں اضافے اور تبدیلی کی بھی سفارش کی۔

 رپورٹ کے مطابق 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے 10 اگست کو بانی پی ٹی آئی کا دوبارہ طبی معائنہ کیا، 10 اگست کو بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر 140/80 اور نبض 54 فی منٹ ریکارڈ کی گئی۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سینے میں درد، بھاری پن، سانس پھولنے یا دل کی دھڑکن کی شکایت نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کی ای سی جی نارمل، ایکو میں دل کے والوز اور چیمبرز بھی نارمل ہیں۔

بورڈ نے سفارش کی کہ بانی پی ٹی آئی کو روزانہ ایک گھنٹہ چہل قدمی اور موجودہ جیل صورتحال میں کچھ ذہنی سکون دیا جائے، بانی پی ٹی آئی کو اخبارات، ٹی وی اور کتابیں فراہم کی جائیں، اہل خانہ سے زیادہ ملاقاتیں بے چینی اور بلڈ پریشر پر قابو پانے میں معاون ہوں گی، بانی پی ٹی آئی کو مزید کسی کارڈیک ٹیسٹ، بالخصوص سی ٹی، انجیو گرافی کی ضرورت نہیں۔

اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے بانی پی ٹی آئی میڈیکل رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں