جن کے صوبے میں 1 سڑک پر 8 ارب کی کرپشن ہو، وہ ہم سے سوال پوچھیں گے، عظمیٰ بخاری
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جن کے صوبے میں ایک سڑک پر 8 ارب کی کرپشن ہوجاتی ہے، وہ ہم سے سوال پوچھیں گے۔
ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسی کو سندھ سے کوئی مخالفت نہیں ہے، بتایا جائے کہ بغیر ثبوتوں کے پریس کانفرنسز کرنے پر سوال پوچھا گیا تو کیا یہ سیاسی انتقام بن جائے گا؟
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کارکردگی طعنے کی طرح لگتی ہے تو کارکردگی پر بات تو ہوگی، بغیر کسی ثبوت کے کرپشن کے الزامات لگانے والے کو عدالتوں میں بھی لے جایا جا سکتا ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جن کے صوبے میں ایک سڑک پر 8 ارب کی کرپشن ہو جاتی ہے وہ ہم سے سوال پوچھیں گے، جن کی اپنی سندھ حکومت میں الیکٹرک پنکھوں سے لے کر پورے پورے امتحانی سینٹر بک جاتے ہیں وہ ہم سے سوال کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسکینڈل سندھ میں ہوتے ہیں پنجاب میں نہیں، پنجاب میں کوئی بے ضابطگی ہوتی ہے تو چیف منسٹر اور ان کی ٹیم خود سامنے لاتے ہیں لوگوں کو بچاتے نہیں ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، مریم نواز نے اپنے صوبے کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا ہے۔




