بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال شفٹ کرنے کا مطالبہ کردیا
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے بانی چیئرمین کو اسپتال شفٹ کرنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کئی ماہ سے ملاقاتیں بند ہیں، بانی کا علاج کروانا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس آزاد ذرائع سے کوئی خبر نہیں آئی کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کیسی ہے، چاہتے ہیں کہ بانی کا علاج ان کے معالجین یا فیملی کی مشاورت سے ہو۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ مطالبہ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال شفٹ کیا جائے، علیمہ خان اور دیگر بہنوں کا بانی پی ٹی آئی سے ملنے کا حق ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کہیں نہیں لکھا ہوا کہ ملاقات کے بعد باہر بات نہیں کرسکتے، چوہے بلی والا کھیل بند کریں، بانی پی ٹی آئی تک رسائی دیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے مانا گیا کہ بانی کا بلڈ پریشر ہائی ہوا اور وہ ادویات پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بار بار کہا خان صاحب کی صحت پر سیاست نہیں کرتے، 300 دن ہوگئے ملاقاتیں بند ہیں۔
اس دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ ہے کوئی ٹس سے مس نہیں ہورہا، بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ اور ڈاکٹرز کی ملاقات کروائی جائے۔
جنید اکبر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے جمع کرائی گئی رپورٹ سے عوام میں پائی جانے والی تشویش میں اضافہ ہوا۔




