نئی دہلی میں بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی ہٹا دی

نئی دلی میں بھارتی حکام نے پاکستان ہائی کمیشن کا بیرونی سیکیورٹی حصار ختم کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے باہر سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں اور وہاں ٹریفک کے لیے نصب حفاظتی ستون بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔
پاکستانی ویزا سیکشن کے باہر قطاروں کے لیے لگا احاطہ بھی توڑ دیا گیا ہے، بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی ہٹانے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیر سے متعلق امریکی سفیر کے بیان پر پاکستانی احتجاج کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔
یہ سب کیوں کیا گیا؟
گزشتہ روز پاکستان نے امریکی ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کر کے ڈیمارش کیا تھا۔
دفترِ خارجہ کے اعلامیے کے مطابق امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو طلب کر کے بھارت میں امریکی سفیر کے غیر ذمے دارانہ اور حقائق کے منافی ریمارکس پر شدید احتجاج کیا گیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور سے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کے امریکی سفیر کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔




