بانیٔ پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کیخلاف حکومت کی نظرِ ثانی کی درخواست دوبارہ دائر

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

بانیٔ پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے کے خلاف حکومت نے دوبارہ نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔

ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اسپتال منتقل کرنے کے عدالتی فیصلے میں سقم ہے، عدالتی فیصلے میں جیل رولز کو نظر انداز کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی کیس میں ہمیں فریق نہیں بنایا گیا، متفرق درخواست منظور کر کے نظرثانی کی اجازت دی جائے۔

معاملے کا پس منظر

اس سے قبل 18 اگست کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانئ پی ٹی آئی کا تمام میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی تھی۔

بعدازاں وفاقی حکومت نے بانئ پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزار چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عبوری حکم جاری کیا، عبوری حکم میں بانئ پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالت کا حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز ہے، اس پر نظرِ ثانی ہونی چاہیے، بانیٔ پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023ء کو ایڈیشنل سیشن جج نے 3 سال قید کی سنائی ہے۔

اس کے بعد 20 اگست کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانئ پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر چیف کمشنر اسلام آباد کی نظرِ ثانی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔

دوسری جانب آج وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی اڈیالہ جیل سے شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے متعلق بیان دیا تھا۔

عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ قیدی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں ماہرِ امراض چشم، ماہر امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے بانیٔ پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں