بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا، عظمیٰ خان

بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے کہا ہے کہ انہیں گزشتہ رات اڈیالہ سے پمز اسپتال لے جایا گیا، وہ کمرے میں پہنچیں تو بانی پی ٹی آئی عمران خان پہلے سے موجود تھے، خیال تھا کہ پمز سے شفا اسپتال لے جائیں گے مگر صبح بانی کو واپس اڈیالہ منتقل کر دیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، قید تنہائی کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کو اینزائٹی ہو گئی ہے، بلڈ پریشر کی مسلسل شکایت رہتی ہے، بانی کی بات نہیں سنی جاتی، کسی شخص کو ان کے قریب نہیں جانے دیا جاتا۔
بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ رات کو اڈیالہ جیل سے شفا اسپتال پہنچے، جہاں تین گھنٹے انتظار کروایا گیا، صبح ساڑھے چار بجے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال نہیں لایا جائے گا اور وہ پمز اسپتال سے واپس اڈیالہ جا چکے ہیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی ملک کے سابق وزیراعظم ہیں ان کے ساتھ جو رویہ ہے تو عام پاکستانی کےساتھ کیا ہوگا، حکومت نے جو کیا وہ عدالتی حکم کی توہین ہے، عدالت کواس کا نوٹس لینا چاہیے۔




