ایم کیو ایم چاہتی ہے شہر کو الگ کردیا جائے: مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) چاہتی ہے کہ شہر کو الگ کردیا جائے۔
گارڈن پمپنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے چاہتے ہیں کہ شہر کو الگ کردیا جائے تاکہ چڑیا گھر میں دکانیں، رفاہی پلاٹوں پر شادی ہال چلا سکیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ 40 سال ان کے پاس اقتدار رہا، ان لوگوں نے کراچی سے قلم چھینا اور تباہی پھیردی، جو نیک نام ہوا کرتے تھے، انہیں کانا اور کنکٹا بنادیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ بتانا چاہتے ہیں کہ شہر کے لوگ تعصب نہیں تعمیر چاہتے ہیں، ایم کیو ایم نے کراچی کو لسانیت، خوف اور انتشار کی سیاست دی، جسے دفن کیا جاچکا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی کے مطالبات اگر وفاق سے ہیں تو احتجاج بھی اسلام آباد میں کرے۔ کراچی کی سڑکیں بند کر کے عوام کو پریشان کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی منافقت چھوڑ دے تو بہت سی چیزیں بہتر ہو سکتی ہیں، کراچی کی سڑکیں بند کرکے شہریوں کو پریشان نہ کیا جائے۔
میئر کراچی نے کہا کہ جس پمپنگ اسٹیشن کا آج افتتاح کیا گیا، وہ 2005ء میں تعمیر کیا گیا تھا، تاہم اس دور میں بھی جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم اقتدار میں تھیں، لیکن یہ پمپنگ اسٹیشن فعال نہ ہوسکا۔




