بانی پی ٹی آئی سے متعلق سی این این کے دعوے حکومت نے مسترد کردیے
بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں حالات سے متعلق دعووں پر پاکستانی حکومت نے سی این این کے الزامات مسترد کردیے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو مناسب طبی سہولیات، اہل خانہ سے ملاقات، فون کالز، گھر کے پکے کھانے اور ورزش کی سہولت حاصل ہے۔
پاکستانی حکومت کے مطابق تقریباً 198 ملاقاتیں اور 30 طبی معائنے کیے گئے، بانی کے دونوں بیٹوں کے پاس درست نائیکوپ موجود ہیں، جو پاکستان میں داخلے کے لیے قابلِ قبول سفری دستاویز ہے۔
حکومت نے سی این این پر زور دیا کہ آئندہ رپورٹنگ میں تصدیق شدہ جیل اور طبی ریکارڈ کو سیاسی نوعیت کے متنازع دعووں سے الگ رکھا جائے۔
خیال رہے کہ سی این این کی صحافی بیکی اینڈرسن نے بیرونِ ملک مقیم پی ٹی آئی رہنما کا ایک انٹرویو نشر کیا تھا، جس میں اس رہنما نے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔
بیکی اینڈرسن نے حکومتی مؤقف بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر دیا۔




