او پی ایف چیئرمین سید قمر رضا شاہ سے برطانیہ میں بدسلوکی کی مذمت

او پی ایف چیئرمین سید قمر رضا شاہ سے برطانیہ میں بدسلوکی کی مذمت

ٹوکیو: پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کے ساتھ برطانیہ میں پیش آنے والے مبینہ بدسلوکی، دھمکیوں اور غنڈہ گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک نور اعوان نے کہا کہ سید قمر رضا شاہ ایک شریف النفس، ذمہ دار اور محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہیں سڑک پر روک کر مبینہ طور پر بدتمیزی، گالم گلوچ اور دھمکیوں کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول عمل ہے۔ کسی بھی مہذب اور معزز معاشرے میں ایسے رویے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ سید قمر رضا شاہ نے او پی ایف کے چیئرمین کی حیثیت سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے حوالے سے بھی ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

ملک نور اعوان نے الزام عائد کیا کہ بعض بھارت نواز عناصر انہیں مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں اور حالیہ واقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے برطانوی حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا، جاپان میں چیئرمین او پی ایف کے ایڈوائزر اسد نواز خان نے بھی سید قمر رضا شاہ کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے اپیل کی کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں