پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور سفارت کاری عالمی امن کیلئے ناگزیر ہے، رضوان سعید
امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یوم دفاع عزم، شجاعت اور قربانی کی لازوال یادیں لے کر آتا ہے۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور سفارت کاری عالمی امن کیلئے نا گزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں یومِ دفاع و شُہداء کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں غیر ملکی سفارت کار، ملٹری اور سروسز اتاشیوں، امریکی حکومت کے اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ غیر متزلزل عزم اور شجاعت کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا ہے۔ پاکستانی عوام کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد پاکستان کے بین الاقوامی تشخص میں مثبت پیش رفت کا تسلسل برقرار ہے۔ اب ہمیں اپنی معیشت کو ناقابلِ تنسیخ سطح تک مضبوط بنانے پر کام کرنا ہے۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالےسے سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون پاک امریکا پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت داری کا ایک اہم ترین ستون ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، امن کے تحفظ کیلئے ہمارا اگلا محاذ ناقابل ِ تنسیخ اقتصادی خوشحالی کا حصول ہے۔




