محسن نقوی سے بیک ڈور رابطہ رہتا ہے، تفصیلات میڈیا پر نہیں بتا سکتا: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز پر ہمارا رابطہ رہتا ہے۔ رابطے کی تفصیلات میڈیا پر نہیں بتا سکتا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے جس کو کبھی چھپایا نہیں گیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔ بانی نے بات چیت کرنے کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ہمارے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔ ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری سمجھا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ 27 ستمبر کا احتجاج موخر کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ 27 ستمبر کا احتجاج وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لیڈ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو ملتوی کرنے کیلئے ہماری حکومت سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ احتجاج صرف پی ٹی آئی کا اکیلا فیصلہ نہیں، تمام جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی۔ ہم دنیا کو بتائیں گے کہ ہم پُرامن لوگ ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا خط ہمیں موصول ہوا، اچھی بات ہے وزیراعظم نے خط لکھا۔ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے خط پر کوآرڈینیشن کی جارہی ہے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود 10 ماہ سے ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔




